• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرسکون نیند صدمے کے اثرات میں کمی کرتی ہے

رات کی پر سکون نیند انسانی مجموعی صحت سمیت دماغی صحت کے لیے بھی نا گزیر ہے، نیند انسان کو دماغی صدمات اور جذباتی ٹھیس سے پہنچنے والے منفی اثرات سے بچاتی ہے۔

جرنل آف نیوٹروٹروما میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیند انسانی صحت میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہے۔

محققین کے مطابق نیند کے دوران انسانی دماغ اپنی صفائی کے عمل سے گزر رہا ہوتا ہے جبکہ صدمات اور جذباتی ٹھیس سے دو چار دماغ کے لیے نیند ایک بہترین علاج ہے۔

پریشانیوں، ذہنی تناؤ اور صدمات سے گزرتے ہوئے اگر نیند بھی بہتر نہ لی جائے تو انسانی دماغ صفائی کے عمل سے قاصر رہتا ہے جس کے نتیجے میں لمبے عرصے تک  صحت سے متعلق حالات میں سدھار آنے کے بجائے بگاڑ پیدا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

متوازن اور غیر متوازن نیند، ذہنی اور دماغی صحت سے متعلق کی گئی تحقیق میں رضاکاروں پر مختلف اقسام سمیت ایم آئی آر ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

اس تحقیق میں  نیند کے دوران انسانی دماغ کی صفائی کرنے والے نظام ’گلیمفیٹک‘ کی بھی گہری جانچ پڑتال کی گئی جس میں اس کا حجم، مقام اور دماغ میں کام کرنے کی صلاحیت پر بھی نظر رکھی گئی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی دماغ کی صفائی کرنے والے نظام کے متاثر ہونے کا مطلب ہے دماغ فضلہ بنا رہا ہے مگر صفائی نہ ہونے کے سبب یہ فضلہ اندر ہی جمع ہو رہا ہے، ایسی صورتحال میں دماغ چند دنوں تک تو کام کرے گا مگر اس کے بعد یہ ہنگامہ مچا دے گا کیوں کہ فضلہ صاف کرنے کے مقابلے میں دماغ فضلہ زیادہ بناتا ہے، اس کی صفائی نہ ہونے کے سبب انسان دماغی دیگر بیماریوں میں بھی گھرنے لگتا ہے ۔

 اس تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ذہنی صدمات اور جذباتی ٹھیس کے دورانیے میں دماغ کی صفائی کرنے کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے، نیند کے دوران اس نظام کو دماغ کی صفائی کرنے کا موقع ملتا ہے جبکہ غیر متوازن اور بے آرام نیند کے سبب دماغ کی صفائی نہیں ہو پاتی ہے۔

 دماغی طور پر صحت مند رہنے کے لیے پر سکون اور مکمل نیند کے ساتھ اپنی صاف ستھرائی ،موبائل اور لیپ ٹاپ کا استعمال بھی کم کر دینا چاہیے، بہتر اور پرسکون نیند دماغی چوٹ یعنی کہ جذباتی ٹھیس اور ٹراما سے نکلنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

تازہ ترین