بھارتی متنازع اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ سلمان خان نے اُنہیں زبان پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راکھی ساونت نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور سہیل خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ان دونوں بھائیوں نے میرا اُس وقت ساتھ دیا جب مجھے کسی اپنے کی شدید ضرورت تھی۔‘
راکھی ساونت نے کہا کہ ’سلمان خان اور سہیل خان نے میری ماں کے علاج میں بہت تعاون کیا اور میڈیا کے سامنے اس بات کا بالکل ذکر نہیں کیا بلکہ مجھے بھی منع کیا کہ میں یہ بات کسی سے نہ کروں۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’سلمان خان نے ناصرف میری مالی مدد کی بلکہ بگ باس 14 کے گھر میں بھی میری خوب رہنمائی کی۔‘
اُنہوں نے اپنے کیرئیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کم عُمری میں ہی سمجھدار ہوگئی تھی کیونکہ مجھ پر میری ماں، بھائی اور بیوہ بہن کی ذمہ داری تھی اور میں کم عقلی میں اکثر لوگوں سے سخت لہجے میں بات کرلیتی تھی کیونکہ مجھے سمجھانے والا کوئی نہیں تھا۔‘
راکھی ساونت نے کہا کہ ’اب سلمان خان نے مجھے اپنی زبان پر قابو رکھنے کامشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک کے ساتھ نرمی سے پیش آؤ۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’سلمان خان نے کہا لہجے میں نرمی لانے سے تمہیں کام ملے گا اور مجھے اب کام کی بہت ضرورت ہے۔‘
واضح رہے کہ راکھی ساونت حال ہی میں بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں بطورِ کنٹسٹنٹ شامل ہوئی تھیں۔
بگ باس 14 کے فائنل کے دوران بگ باس نے پانچوں ٹاپ کنٹسٹنٹ کو ایک آفر دی جس میں یہ تھا کہ بگ باس کی جانب سے 14 لاکھ روپے دیے جائیں گے جو کنٹسٹنٹ وہ 14 لاکھ روپے کی رقم تسلیم کرے گا وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجائے گا۔
اس کے لیے بگ باس نے ایک ٹاسک دیا تھا جس میں جو کنٹسٹنٹ پہلے بزر بجاتا تو 14 لاکھ کی رقم اُس کی ہوجاتی اور وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجاتا۔
اس ضمن میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے سب سے پہلے بزر بجاکر 14 لاکھ روپے کی رقم وصول کی جس کے بعد وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئی تھیں۔
راکھی ساونت نے کہا تھا کہ وہ 14 لاکھ کی اس رقم سے اپنی بیمار والدہ کا علاج کروائیں گی۔