ملتان(سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ایم این اے و جنرل سیکرٹری اقلیتی ونگ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب نوید عامر جیوا، صدر ڈیرہ غازی خان ڈویژن آصف خان دستی، جنرل سیکرٹری ملتان ضلع راو ساجد علی، سید عالمگیر گیلانی، راو اسد عرفات و دیگر نے کہا ہے کہ 4اپریل کو راولپنڈی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کا جلسہ تاریخ ساز ہوگا اور یہ جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا اس کے بعد سیاسی صورتحال ہی بدل جائے گی اور گلی گلی کوچہ کوچہ سے جئے بھٹو کے نعروں سے فضا گونج اٹھے گی، جنوبی پنجاب کے ہر ضلع سےجیالوں کے قافلے راولپنڈی جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایم این اے نوید عامرجیوا کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں کیا ، انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان کے گڑھی خدا بخش میں مزار، ہماری جمہوریت پسندی اور سویلین بالادستی کی جدوجہد کا منہ بولتا ثبوت ہیں، پی ڈی ایم میں تمام طے شدہ نکات پہ اتفاق ہے صرف حکمت عملی پہ تحفظات ہیں جس پر گفتگو ہو سکتی ہے ،رہنمائوں کا کہنا تھا کہ 4اپریل کوقائدذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ہوگا جس میں باہمی مشاورت کے ذریعےمستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں فتح سید یوسف رضا گیلانی کو ہوئی ہے۔