• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ نے ریئل اسٹیٹ میں ابھی ابھی سرمایہ کاری کرنا شروع کی ہے تو آپ کچھ غلطیوں کے لیے خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔ تاہم یہ بات بھی مت بھولیں کہ ضروری ٹریننگ اور ریئل اسٹیٹ کے تجربہ کار ماہرین سے مشورے حاصل کرکے آپ ان غلطیوں سے بچ سکتے ہیں۔ آپ کو ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں کون سی غلطیاں نہیں کرنی چاہئیں، زیرِ نظر مضموں یہی جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔

ایکشن لینے سے گھبرانا

ایک سرمایہ کار اپنے ساتھ جو سب سے بڑی ناانصافی کرسکتا ہے، وہ ہے کوئی ایکشن نہ لینا۔ اور ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ آپ کے ارد گرد ایسے لوگ موجود ہوتے ہیں جو آپ کو غلط مشورہ دیتے ہیں۔

غلط لوگوں کے درمیان رہنا

غلط لوگوں سے مراد ایسے افراد ہیں، جو آپ کو اس شعبہ میں کامیابی کی طرف قدم رکھنے سے روکتے ہیں۔ اکثر اوقات ایسے لوگوں نے خود ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری نہیں کی ہوتی اور آپ کی اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ آپ کو ایسے لوگوں کو اپنے ارد گرد نہیں رکھنا چاہیے۔ 

اس کے برعکس، آپ کو اپنے ارد گرد ایسے لوگ رکھنے چاہئیں جو آپ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوں، آپ کی ہمت باندھتے ہوں اور آپ پر بھروسہ کرتے ہوں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے ناکام ہونے کے خوف پر قابو پائیں، کیونکہ اس خوف پر قابو پانے کے بعد ہی آپ کامیابی کی طرف قدم بڑھا سکتے ہیں۔

منفی ذہنوں کو سُننا

اگر آپ کے کسی دوست یا رشتہ دار نے ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری میں نقصان اٹھایا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو بھی نقصان ہی ہوگا۔ آپ کو کامیاب لوگوں کی کامیاب کہانیاں سننے کی ضرورت ہے کہ انھیں کن مشکلات کا سامنا رہا اور انھوں نے ان مشکلات پر کس طرح قابو پایا۔ مایوس لوگوں کو اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کے حوصلے پست کرسکیں۔ آپ کو آگے بڑھنا ہے، چاہے اردگرد کے لوگ آپ کو اس کے برعکس مشورے دے رہے ہوں۔ آپ کو دوسروں کے خوف سے نہیں ڈرنا۔

ٹریننگ کو نظرانداز کرنا

نئے ریئل اسٹیٹ سرمایہ کار کے طور پر آپ کو ٹریننگ کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ آپ یہ ٹریننگ کتابوں، سیمینارز، کوچنگ سیشنز اور ریئل اسٹیٹ کے تجربہ کار ماہرین سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ایسی ٹریننگ کو نظرانداز کرنے والے افراد اپنی ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے لائحہ عمل میں عمومی غلطیاں کرجاتے ہیں۔

سرمایہ کاری کے چیلنجز کو سمجھنا

ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کا آغاز کرنے والے کئی لوگ اسے بچوں کا کھیل سمجھتے ہیں۔ نتیجتاً، اسے ہلکا لینے والے افراد کسی بھی ریئل اسٹیٹ جائیداد میں سرمایہ کاری سے پہلے دُرست سوالات نہیں پوچھتے۔ البتہ، اگر آپ نے درست ٹریننگ حاصل کی ہوتی ہے تو آپ فروخت کنندہ سے سوالات پوچھ کر تمام ضروری اور مطلوبہ معلومات اکٹھی کرلیتے ہیں۔

جذباتی سرمایہ کاری سے پرہیز

ریئل اسٹیٹ میں پہلی سرمایہ کاری کرتے وقت اکثر لوگ، جائیداد سے محبت کربیٹھتے ہیں اور جذبات میں آکر اسے فوراً خریدنے کا فیصلہ کربیٹھتے ہیں۔ یاد رکھیں، آپ ریئل اسٹیٹ جائیداد صرف سرمایہ کاری کے مقصد کے تحت خرید رہے ہیں، اس میں زندگی بھر رہنے کے لیے نہیں۔ جائیداد کے رنگ و روغن یا ٹائل کی خوبصورتی سے متاثر ہونے کے بجائے آپ نے اس کی مستقبل کی قیمت کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہے۔

تمام کام پر نظر رکھنا

دوسروں پر بھروسہ کرنے کے بجائے، خریداری سے لے کر تزئین و آرائش تک، ہر مرحلے میں خود کو شامل رکھیں اور ہر پہلو پر کڑی نظر رکھیں۔

بہت زیادہ لین دین کرنا

یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ کئی سرمایہ کار، زیادہ سے زیادہ منافع حاصل کرنے کی تگ و دو میں پراپرٹی کی اتنی کم قیمت لگا دیتے ہیں کہ اس چکر میں وہ ایک اچھی ڈیل سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ، آپ نے پہلے ہی سودے سے کئی لاکھ نہیں کمانے۔ وقت بھی پیسہ ہے، قیمت کم کرانے پر اتنا بھی وقت برباد نہ کریں کہ آپ کے ہاتھ سے وہ سودا نکل جائے، غالباً اس وقت میں آپ ایک دو مزید سودے بھی حتمی کرسکتے تھے۔

ہر کام خود نہ کریں

آخر میں، ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرتے وقت ایک غلطی جو آپ نے نہیں کرنی وہ یہ ہے کہ خود کو الگ تھلگ کرلیں اور سرمایہ کاری کا فیصلہ یک طرفہ طور پر کریں۔ تجربہ کار سرمایہ کاروں سے بات چیت کرنے اور ان سے مشورہ لینے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ اپنے مقصد کے جلد قریب پہنچ جاتے ہیں۔ اپنی ریئل اسٹیٹ سرمایہ کاری کو کامیاب بنانے کے لیے آپ کو پروفیشنلز کی تلاش اور انتظامت پر بھروسہ کرنا پڑے گا۔ اس طرح آپ ایک ہی پراپرٹی پر بہت زیادہ وقت لگانے سے بچ جاتے ہیں۔

تازہ ترین