• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رقم کیلئے ماں نے بچے کو اغوا کرلیا، ملزمہ اور اس کا بہنوئی گرفتار، پولیس

کراچی میں ماں نے پیسوں کی خاطر اپنے ہی بچے کو اغوا کرلیا، پولیس نے بازیاب کروا کے بچے کو باپ کے حوالے کردیا، جبکہ ملزمہ اور اس کے بہنوئی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کو اپنی اہلیہ کے موبائل سے بچے کے اغواء اور تاوان کی کال موصول ہوئی، فون پر دھمکی دی گئی کہ کسی کو بتایا تو بچے کو مار دیا جائے گا۔

بچے کے والد نے تھانہ مبینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کروایا، جس کے بعد پولیس نے 6 گھنٹے میں 10 سال کے بچے کو بازیاب کروا کے باپ کے حوالے کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کو تاوان کی رقم ساڑھے 4 لاکھ روپے لےکر ایک اسپتال بلایا گیا، اسپتال میں سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ والد رقم لے کر اسپتال کے باہر پہنچا تو بچے کی ماں نے رقم لی اور کہا کہ ملزمان دائیں بائیں گھوم رہے ہیں، خاتون رقم لے کر اسپتال کے اندر گئی اور ایمرجنسی وارڈ کے واش روم میں پیسے چھپائے۔

خاتون نے اپنے بہنوئی سیکیورٹی گارڈ کو رقم کا بتایا اور بچہ لے کر اسپتال سے باہر آئی، خاتون سے معلومات لی گئی تو پتا چلا اس نے خود اغواء کا ڈرامہ کیا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے خاتون نے زیورات گروی رکھے تھے، خاتون کو شوہر پیسے نہیں دے رہا تھا اس لیے اپنے ہی بچے کے اغوا کا ڈرامہ کیا۔

پولیس نے خاتون اور اس کے بہنوئی سے تاوان کی رقم اور موبائل فون برآمد کرلیا۔

تازہ ترین