بھارتی اداکار عامر خان فلم ’تارے زمین پر‘ کے ہدایتکار نہیں تھے، تاہم بعد میں انھیں اس فلم کی ہدایتکاری دے دی گئی تھی، جبکہ حقیقی ہدایتکار امول گپتے آج بھی اس فیصلے پر رنجیدہ نظر آتے ہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی امول گپتے عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ کے ہدایت کار کی تبدیلی سے متعلق بتاچکے ہیں۔
اس فلم کی ہدایتکاری پہلے امول گپتے کے ہی پاس تھی، تاہم فلم کے درمیان یہ ذمہ داری ان سے لے کر عامر خان کو دے دی گئی تھی اور ہدایتکاری کا سہرا مسٹر پرفیکشنسٹ کو چلا گیا۔
اسی طرح امول گپتے کو صرف فلم کے مصنف اور کریٹیو ڈائریکٹر کے عہدے پر اکتفا کرنا پڑا۔
فلم کی ریلیز کے بعد ایک انٹرویو کے دوران فلم امول کا کہنا تھا کہ ’ہمیشہ رات کے بعد ہی سویرا ہوتا ہے۔‘
تاہم اب اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بھی امول گپتے نے ماضی کی اس تلخ یاد پر روشنی ڈالی۔
انھوں نے انکشاف کیا کہ فلم انڈسٹری میں کئی لوگوں نے مجھے عامر خان جیسے سپر اسٹار کے خلاف جانے سے روکا۔
جب انٹرویو کے دوران امول سے عامر خان کے ساتھ معاملات کے نتائج پر سوال کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’وقت گزر گیا، آپ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ سورج ڈھلنے کے بعد ہی صبح ہوتی ہے‘
انھوں نے کہا کہ یہ بات مجھے کوئی خطرہ نہیں پہنچاتی، میں ایسا شخص نہیں جو چیزوں کو لے کر بیٹھا رہوں، میں ایک جاندار انسان کی طرح اپنے دن کا سامنا کرتا ہوں، اور دیکھتا ہوں کہ جو اس نئے دن میں میرے موجود ہے۔‘
امول نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے میں اپنا فن انجام دینے کے قابل ہوں، جو سنیما ہے۔
ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں مشکل وقت میں نبرد آزما ہوا، اب اُس لمحے کو 14 سال ہوگئے۔
خیال رہے کہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تارے زمین پر‘ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے تھے اور اسے خاندانی بہبود کی کیٹیگری میں بہترین فلم ہونے کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔