• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان نے ابتدا میں ناکامی پر کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا

بھارت کے لیجنڈری اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے آغاز میں ایک فلم کی کامیابی کے بعد آنے والی ناکامی کے باعث پھوٹ پھوٹ کر روتے تھے اور اپنے کیرئیر کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ نے اس بات کا اعتراف ایک یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

’قیامت سے قیامت تک‘ سے شہرت کی سیڑھیاں چڑھنے والے عامر خان نے بتایا کہ ان پر ’ایک فلم کے اسٹار‘ کا ٹیگ لگ گیا تھا، کیونکہ اس کے بعد ان کی متعدد فلمیں ناکام ہوئیں۔

عامر کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے فلم قیامت سے قیامت تک کو سائن کیا تو پھر اس کے بعد انھوں 8 فلمیں صرف کہانی کی بنیاد پر سائن کرلی تھیں۔

اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ تمام فلمیں ناکام ہوئیں اور انھیں صرف ’ایک فلم کا ستارہ‘ کا نام دے دیا گیا۔

عامر خان نے بتایا کہ ’میرا کیریئر ڈوب رہا تھا، مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ میں ایک دلدل میں جارہا ہوں، میں بہت اداس تھا، ایسے میں میں گھر آتا تھا اور پھوٹ پھوٹ کر روتا تھا۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ایسے لوگ جن کے ساتھ میں کام کرنا چاہتا تھے وہ مجھ میں دلچسپی نہیں لیتے تھے جس کے بعد احساس ہوگیا کہ میں جو فلمیں کر رہا ہوں وہ اچھی نہیں ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ قیامت سے قیامت تک کے بعد ابتدائی دو سال میں میں مجھے میری زندگی کے کمزور ترین وقت کا تجربہ رہا۔

انھوں نے کہا کہ وہ فلمیں جو میں نے سائن کی ہوئی تھیں وہ ایک کے بعد ایک ریلیز ہورہی تھیں اور ناکامی سے دوچار ہو رہی تھیں، مجھے ایسا لگا کہ ’میں ختم ہوگیا‘۔

عامر خان نے بتایا کہ انھوں نے اس وقت فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کو ختم کردیں گے لیکن روایتی انداز اپناتے ہوئے کوئی فلم سائن نہیں کریں گے جب تک انھیں بڑا ڈائریکٹر، بہترین اسکرپٹ اور اعلیٰ پروڈیوسر نہ مل جائے۔

واضح رہے کہ کچھ سال قبل بھی ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے عامر خان نے اپنے اسی دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ایسا محسوس ہوا تھا کہ میں ایسے لوگوں کے ساتھ کام کر رہا ہوں جن کے ساتھ میں مجھے رابطہ نہیں رکھنا چاہیے تھا، میں نہیں جانتا تھا کہ میں اس صورتحال سے کیسے باہر نکلوں۔

مسٹر  پرفیکشنسٹ نے بتایا کہ میں نے کچھ فلمیں کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہوا تھا، لہٰذا میں ان سے نہیں بھاگ سکتا تھا، میں نے وہ فلمیں تو کیں لیکن میں خوش نہیں تھا۔

عامر نے کہا کہ میں نے خود سے یہ وعدہ کرلیا تھا کہ میں تب تک کوئی فلم نہیں کروں گا جب تک میں اس کی اسکرپٹ سے مطمئن نہ ہوجاؤں۔

بالی ووڈ کو بلاک بسٹر فلمیں دینے والے عامر خان اب اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا میں جلوہ گر ہوں گے، جس کی ریلیز رواں برس عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے روک گی گئی تھی۔

تازہ ترین