• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

براڈ شیٹ معاملے پر 5 لوگوں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا گیاہے ، فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر احمر بلال صوفی سمیت 5 لوگوں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا گیاہے، طارق فواد جنہوں نے براڈ شیٹ کا معاملہ شروع کروایا، ان کےخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے بتایا کہ  جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نےسوئس کیسز کا اوریجنل ریکارڈ ریکور کیا ہے ، آصف زرداری کے خلاف سوئس اکاؤنٹس کیس دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ چینی کپاس کی درآمد کی منظوری نہیں دی، بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی  قیمت پر نہیں ہوسکتی، 23  مارچ کے بھارتی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس  کی دو لہروں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا، کوشش کررہے ہیں کہ کورونا کی تیسری لہر کا بھی بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 98فیصد پاکستانیوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی ، دو فیصد لوگ جو لائن میں نہیں کھڑے ہونا چاہتے ان کو قیمت پر ویکسین کی سہولت دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ روسی ویکسین کی قیمت سے متعلق تنازع سندھ ہائیکورٹ میں چل رہا ہے ، چینی ویکسین کینسائنو کی قیمت 4 ہزار225 روپے طے کی گئی ہے ، ہائی کورٹ کاحتمی فیصلہ آنے کے بعد اسپوٹنک ویکسین کی قیمت بھی مقرر کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹر ویکسین تلاش کرکے لاتا ہے تو من مانی قیمت چاہتاہے ۔

 فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے اسلام آباد اور گلگت کے تمام شہریوں کو صحت کارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے، 43 کمپنیوں کی دوائیوں کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے، کسی دوائی کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نالائق بیوروکریٹس کو نکالنے کا طریقہ آسان کر دیا ہے، جو ملازمین سہل پسند ہیں ان کو نکالنے کی ہدایات کابینہ نے دے دی ہے۔


تازہ ترین