عظیم خان نےاداکارہ صبا قمر کی جانب سے شادی سے انکار کے بعد اپنی خاموشی توڑ دی۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر صبا قمر سے اپنے رشتے میں آنے والی تبدیلی اور خاتون کی جانب سے ہراسانی کے الزام پر 7 منٹ 11 سکینڈ پر مبنی ویڈیو پیغام جاری کیا گیا۔
عظیم خان نے اس دوران صبا قمر سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا اور اپنی غلطی کا ایک بار پھر اعتراف کیا، لیکن وہ اس ویڈیو میں اداکارہ سے کہنا کیا چاہتے تھے؟
صبا قمر سے متعلق عظیم خان نے کہا کہ وہ سمجھدار خاتون ہے، وہ رشتے سنبھالنا اور نبھانا جانتی ہے، وہ لوگوں کی باتوں میں آکر تعلق خراب نہیں کرتی۔
اُن کا کہنا تھا کہ خاتون کی طرف سے ہراسانی کے الزام کا صبا قمر سے بریک اپ کا کوئی تعلق نہیں، وہ ایک الگ بات ہے جس میں سارا قصور میرا ہے۔
عظیم خان نے مزید کہا کہ مجھے عشق تو صبا قمر سے ہی ہے اور قصور بھی ہمارا ہے یا تو ہم اُسے منالیں گے یا پھر انتظار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ایک خاتون نے مجھ پر قتل کی دھمکیوں اور ہراسانی کے الزامات لگائے لیکن اُس وقت مجھے کسی نے کہا کہ اُسے مجھ پر بھروسہ ہے۔
عظیم خان کا کہنا تھا کہ اُس وقت اُس سے زیادہ میرے لیے کوئی بات معنی نہیں رکھتی تھی لہٰذا میں خاموش ہوگیا۔