کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان گول کیپر سلمان اکبر نے کہا ہے کہ پچھلے دس سال سے پاکستان ہاکی کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، فیڈریشن کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، جس فیڈریشن کا سالانہ کیلنڈر نہ ہو اس سے کھیل کی ترقی کے لئے دل چسپی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ہالینڈ سے فون پر جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دس سال میں ہم اپنے ڈومیسٹک ڈھانچے کو مضبوط نہیں بناسکے، کوچنگ اسٹاف کی تقرری پسند ناپسند کی بنیاد پر کی جاتی ہے، سہیل عباس جیسے نامور کھلاڑی کی خدمات سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ جو خود ان فٹ اور ان کے پیٹ نکلے ہوئے انہیں کوچز بنادیا جاتا ہے، ہر سکریٹری کے ساتھ جی حضوری کرنے والوں کی لائن ہوتی ہے ، پاکستان سپر ہاکی لیگ کا منصوبہ سات سال سے ہوا میں ہے، احتساب کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوگا۔