ڈسکہ این اے 75 میں انتخابی دنگل کے لیے مرغوں کا نمائشی دنگل سج گیا۔
مرغوں کا دنگل موسے والا گاؤں میں کروایا جا رہا ہے جبکہ مرغوں کی لڑائی کا نمائشی دنگل پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے کروایا۔
مقابلے میں شریک سفید رنگ کا مرغا پی ٹی آئی جبکہ کالا مرغا مسلم لیگ نون کا ہے۔
ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے نعرے لگائے جارہے ہیں۔
اس موقع پر کارکنان نے کہا کہ دنگل کا ماحول ہے تو ہم نے بھی نمائشی دنگل سجایا ہے جس کا مرغا یہ دنگل جیتے گا وہی انتخابی دنگل بھی جیتے گا۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار ہے، جبکہ کل 360 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 47 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دے کر اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
14 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے کر بی کیٹیگری میں جبکہ 137 پولنگ اسٹیشنز سی کیٹیگری میں شامل ہیں۔
اے کیٹیگری کے 47 پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔