لاہور کی عدالت نے مسلم لیگ نون کے ایم این اے جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی۔
مسلم لیگ نون کے ایم این اے جاوید لطیف کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کے دوران فاضل جج نے غیر ضروری افراد کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ کورونا وائرس کی وباء کی شدت کے باعث خیال رکھا جائے۔
میاں جاوید لطیف کے وکلاء کی جانب سے درج ایف آئی آر عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی۔
میاں جاوید لطیف کے وکیل نے بتایا کہ میاں جاوید لطیف کے خلاف ٹاؤن شپ تھانے میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل ملک سرود کے جونیئر وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملک سرود کے والد کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے وہ یہاں موجود نہیں ہیں، لہٰذا عدالت دلائل کے لیے مہلت دے۔
مدعی مقدمہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزمان کے وکلاء کی جانب سے جمعے کے روز دلائل مکمل کرنے کا کہا گیا تھا، پھر ہفتے کے روز دلائل مکمل کرنے کا وعدہ کیا گیا، تاخیری حربے اپنائے جا رہے ہیں۔
عدالت نےکہا کہ گزشتہ سماعت پر متفقہ رائے سے آج کی تاریخ رکھی گئی تھی، آج درخواست گزار کی جانب سے نئے وکیل ملک سرود کا پاور آف اٹارنی دے دیا گیا، ملک سرود ایڈووکیٹ کے جونیئر وکیل نے استدعا کی کہ انہیں ایک اور موقع دیا جائے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کے وکیل کو دلائل دینے کیلئے وقت دیا جائے، اگر آئندہ سماعت پر دلائل نہیں دیئے گئے تو کیس کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔
لاہور کی سیشن عدالت نے ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف کیس میں درخواستِ ضمانت پر سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی۔