وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں بہت ساری بے ضابطگیاں کیمروں نے محفوظ کیں۔
فردوس عاشق اعوان نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنانا عمران خان کا وژن ہے، وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو لیول پلیئنگ گراؤنڈ کی ہدایت دی تھی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کے روایتی مائنڈ سیٹ کی سوچ صرف اور صرف جیت پر جشن منانا ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ ڈسکہ میں پی ٹی آئی کی پہلی جیت پر ن لیگ والے الیکشن کو متنازع بنا کر عدالت گئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں نسل در نسل جو سیاست تھی اس کی آڑ میں منشیات فروشی، قبضہ مافیا کی پشت پناہی تھی، ڈسکہ میں ہمارا مقابلہ ان غندہ گرد عناصر سے تھا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ کا وتیرہ رہا ہے کہ منصفانہ الیکشن کو برداشت نہیں کیا، ن لیگ کی تربیت اور سوچ صرف جیت پر جشن منانا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارا یہاں مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، ہمارا مقابلہ منشیات فروش اور غنڈہ عناصر سے تھا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ بدمعاشی کے زور پر عوام کے ووٹ کو چھینا، یہ من پسند نتائج کے لیے بریف کیس اٹھا کر پھرتے رہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر ہرممکن اقدام کیا، ڈسکہ میں منصافانہ اور آزاد ماحول میں الیکشن ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین مسلسل قواعد و ضوابط کا مذاق اڑانے والے ہیں، مخالفین نے آج بھی پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دوسری طرف حکومت وقت ہے جو کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی، ہمارے پارٹی کے نمائندوں کو پولنگ اسٹیشن میں نہیں دیکھا ہوگا۔