الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب شفاف اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوا۔
جاری کیئے گئے اعلامیئے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب کے شفاف اور پُرامن ماحول میں انعقاد کے لیے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے اس سلسلے میں کامیابی سے امور سر انجام دیئے اور حلقے میں موجود رہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پُرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔
الیکشن کمیشن کا اعلامیئے میں مزید کہنا ہے کہ پولنگ اسٹاف نے اپنے فرائض احسن طریقے سے نبھائے، الیکشن کمیشن کے عملے نے بھی مستعدی سے اس قومی فریضے کو سر انجام دیا۔
اعلامیئے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ان تمام اداروں کے ساتھ اس حلقے کے ووٹرز کا خاص طور سے شکر گزار ہے جنہوں نے اپنے حقِ رائے دہی کا آزادانہ استعمال کیا۔