پشاور( کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رمضان المبارک کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ماضی کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے جس کے تحت ٹریفک افسران اور اہلکار تین شفٹوں صبح‘ دوپہر اور افطاری کے بعد ڈیوٹی انجام دینگے اسی طرح ٹریفک پلان کے تحت شہر بھر میں 3 ایس پیز‘ 10 ڈی ایس پیز‘ 13انسپکٹرز سمیت 1089 وارڈنز ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ 18 فورک لفٹرز فرائض سرانجام دیں گے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے افسران اور اہلکاروں کو شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور افطاری اور اس کے بعد وہ شہر بھر میں پٹرولنگ کرینگے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریفک کنٹرول کرنے سمیت کورونا وائرس کے باعث ہجوم والی جگہوں پر خاص نظر رکھیں اور وہاں پر شہریوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے اور کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق آگاہی بھی دیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے سمیت کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں اور اس سلسلے میں منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے جس پر ہر صورت میں عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ افطاری اور مغرب کی نماز کے بعد ٹریفک نظام کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے عوام کو جہاں کہیں بھی مشکلات درپیش ہوں گی سٹی ٹریفک پولیس پشاور وہاں پر اول دستے کا کردار ادا کرے گی۔