پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سرپرستی میں شہزاد اکبر نے رائے ونڈ کا گھر گرانے کی پلاننگ کی، شہزاد اکبر صاحب نے پٹواریوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رائیونڈ کی تمام اراضی 1992 سے شریف خاندان کی ملکیت ہے۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ انہوں نے بورڈ آف ریونیو کے لوگوں کو یرغمال بنا کر ریکارڈ میں ردوبدل کیا، تیس سال میں کسی نے اس ملکیت کی خرید و فروخت اور تعمیر پر اعتراض نہیں کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دستاویزات میں ہیر پھیر کرنے والوں کے بارے میں ہمیں پتا ہے، یہ رات کے اندھیرے میں رائیونڈ کا گھر گرانا چاہتے تھے، کرپشن کا ایک دھیلا نہیں ملا تو نیچ اور گھٹیا حرکت پر اتر آئے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ جعلی فردیں بناکر شمیم اختر کے بجائے حکومت پنجاب کا نام لکھا جا رہا ہے، عدالت کی جانب سے حکم امتناع میں کہا گیا کہ گھر کا اسٹیٹس برقرار رہے گا۔