ترکیہ کے 4 صوبوں میں موسلا دھار بارش کے بعد شدید سیلابی صورتِ حال ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق استنبول میں شدید بارش کا 83 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، پانی عمارتوں، دکانوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے، 3 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
استنبول کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی گاڑیوں کو بہا لے گیا، درخت گر گئے، مکانات کی چھتوں کو نقصان پہنچا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگ پھنس گئے۔
میڈیا کے مطابق کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگا دی گئی۔
استنبول میں بارش کا پانی کیوچوک سو (Küçüksu) ندی سے بہہ کر آبنائے باسفورس (Bosphorus) میں گرنے لگا، گدلے پانی نے باسفورس کا رنگ جزوی تبدیل کر دیا۔
ترک میڈیا کے مطابق شدید بارشوں کے باعث استنبول، کوجیلہ، ساکریا اور یالووا میں اسکول آج بھی بند رہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شدید بارش اور سیلابی صورتِ حال سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ترکیہ کے مختلف علاقوں میں ہفتے کے آخر تک مزید شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔