چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین اس صدی کی سب سے بڑی تاریخی ناانصافی ہے، اسرائیل مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی زبردستی تعمیر روکے اور اس فیصلے کو واپس لے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے آذربائیجان میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کے دوران کہا کہ خطے میں امن اور مصالحت کو فروغ دینا چین کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے حل کا درست راستہ ہے جبکہ غزہ میں انسانی تباہی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے امداد کی فوری فراہمی ترجیح ہے۔
چینی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ چین تنازع کے سیاسی حل اور فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔