• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری نرخنامے سے تجاوز29گرانفروش گرفتار کر لئے گئے

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 29 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے ڈھکی نعلبندی‘ بازار دالگراں‘ قصہ خوانی‘ حیات آباد کے یوسفزئی اور بشارٹ مارکیٹوں سمیت بڈھ بیر کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ صفائی کی ابتر صورتحال اور گوشت پر جالیاں نہ ڈالنے پر 29 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘ قصائی‘ جنرل سٹور و بیکری مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان رمضان المبارک میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے سمیت سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس سے تجاوز کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک بابرکت مہینہ ہے اس میں ناجائز منافع خوری سے گریز کیا جائے اور شہریوں کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر گرانفروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
تازہ ترین