پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 364 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 110 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 4 ہزار 123 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 8 اعشاریہ 31 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 982 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 182 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 64 ہزار 481 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 10 لاکھ 7 ہزار 252 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 78 ہزار 425 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 302 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 50 ہزار 775 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 70 ہزار 963 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 4 ہزار 541 ہو گئیں۔
تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں اب تک 2 لاکھ 61 ہزار 173 مریض سامنے آئے ہیں، یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 7 ہزار 271 ہو چکی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 419 ہو چکی ہے، اس سے اب تک کُل اموات 2 ہزار 796 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 68 ہزار 665 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، یہاں کُل 626 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 20 ہزار 662 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 222 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 15 ہزار 137 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کُل 423 مریض وفات پا چکے ہیں۔
گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 163 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 103 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔