• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، ہسپانوی رکن پارلیمنٹ

اسپین بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور غیر ملکیوں کی اسپین آمد کے بعد یہاں ایک دوسرے کے کلچر، رہن سہن، قومی اور مذہبی رسومات سے روشناس ہونے میں مدد ملی ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار اسپین کی سیاسی پارٹی ”سیوتادانس“ کی ممبر پارلیمنٹ کاتالونیا ”آنا گراؤ“ نے منہاج القرآن اسلامک سینٹر کے دورہ کے موقع پر نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپین میں جب ڈکٹیٹر شپ تھی تب ایسے معاملات میں تنگ نظر ی کا مظاہرہ کیا جاتا تھا۔ لیکن جب سے یہاں جمہوریت کا دور دورہ ہوا ہے تب سے یہاں بین المذاہب ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاہب انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور آپس میں تقسیم اور نقصان کا باعث نہیں بنتے۔

اسلامک سینٹر کے دورے کا اہتمام پاکستانی نژاد امیدوار صوبائی اسمبلی علی رشید بٹ نے کیا تھا جبکہ اس وفد میں بلدیہ بارسلونا میں سیوتادانس کی امیدوار صدر ”ماری لوس“ خاتون کونسلر ”جولیا بارے آ“ اور اسی پارٹی کی جانب سے منتخب کئے گئے پہلے پاکستانی کونسلر طاہر رفیع بھی شامل تھے۔

وفد کو منہاج اسلامک سینٹر میں صدر حسنات قادری اور عندلیب بی بی نے خوش آمدید کہا اور ماہ صیام کے حوالے سے وفد کو ہسپانوی زبان میں شائع ہونے والا لٹریچر پیش کیا۔ 

وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک صبر اور استقامت کا درس دیتا ہے اور جب مغرب کے وقت مسلمان اکٹھے روزہ افطار کرتے ہیں تب بھائی چارے اور یگانگت کی بہت سی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔


اراکین کا کہنا تھا کہ ہسپانوی اور پاکستانی روایات کا آپس میں ٹکراؤ نہیں اسی لئے دونوں اقوام ایک دوسرے کے قریب آنے میں جھجک محسوس نہیں کرتیں، ویسے بھی ہمیں آپس میں مذہبی اور قومی تہواروں میں اکٹھے شامل ہونا چاہئے تاکہ معاشروں کے انضمام میں سہولت اور مدد ملے۔

صوبائی اسمبلی کے امیدوار علی رشید بٹ کا کہنا تھا کہ مقامی معززین اور سیاستدانوں کا ہماری مساجد اور اسلامک سینٹرز کا دورہ کرنا خوش آئند ہے کیونکہ اس طرح ہم اپنی روایات کا پرچار کرکے مقامی کمیونٹی کو اپنے پرامن ہونے اور بھائی چارے پر یقین رکھنے کو ثابت کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین