وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) اپنی سیاسی موت خود مرچکی، مریم نواز خود تو کونسلر بھی نہیں بن سکتی۔
پارلیمانی سیکریٹری کنول شوزب کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران زرتاج گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن اپنا اعتماد کھوچکی ہے، مریم نواز اپنی پارٹی کا نقصان کرچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز جس پر حیرت کا اظہار کرتی ہیں وہ ان کے گھر کی کہانی ہے، ملک قیوم کے ساتھ ان کی آڈیو سب کو یاد ہے۔
زرتاج گل نے مزید کہاکہ کیسز بنانے ہوں تو اس کی مثال آپ کو ن لیگ کے دور میں نظر آئے گی، شہزاد اکبر نے بشیر میمن کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں مریم نواز میڈیا سیل چلاتی رہی ہیں، انہیں اب بھی وزیراعظم ہاؤس کے خواب نظر آتے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت نے یہ بھی کہاکہ لاہور میں 14 سو سے زائد کنال کی زمین مریم نواز کے پاس کہاں سے آئی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کبھی نیب دفاتر پر پتھراؤ، کبھی جج ارشد ملک کی جھوٹی وڈیوز سامنے لاتی ہیں۔
اس موقع پر کنول شوذب نے کہا کہ حیرت ہے مریم نواز کو جو اعداد و شمار دیے جاتے ہیں وہ غلط ہوتے ہیں، وہ بہت زیادہ معصومیت دکھا رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں تو سب خاندان والے چارٹرڈ طیارے سے لندن جاتے تھے۔
کنول شوذب نے مزید کہاکہ آپ انتظار کریں 2023 میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سےاقتدار میں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سجن جندال سے کون ملا، بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط کے الزامات کو سنجیدگی سے لیں، جنہوں نے بتایا کہ نوازشریف نے حریت رہنماؤں سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔
پارلیمانی سیکریٹری نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز تو کونسلر کا الیکشن لڑنے کے قابل نہیں لیکن تنقید عمران خان پر کرتی ہیں، سپریم کورٹ کے جج نواز شریف کو نااہل کرتے وقت سیسلین مافیا کی کہانی بیان کرچکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کا ہم احترام کرتے ہیں، ن لیگ سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ آور ہو جاتی تھی۔
کنول شوذب نے کہا کہ مریم نواز سیاسی انجینئرنگ کے لیے کبھی ایک تو کبھی دوسرے کا کندھا استعمال کرتی ہیں، اگر بشیر میمن کی بات اہم ہے تو بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر کا بیان اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے دور میں کلبھوشن سےمتعلق جوکچھ وزیراعظم ہاوس میں کرتے رہے وہ شرمناک ہے۔
پارلیمانی سیکریٹری نے مزید کہاکہ آج وزیراعظم ہاؤس ان سیسلین مافیا کے خلاف استعمال ہوتا ہے، اب پرائم منسٹر ہاؤس میں چینی مافیا کیخلاف فیصلے ہوتے ہیں۔
کنول شوذب نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری بہتر بنانے کے لیےاب وزیراعظم ہاؤس میں اقدامات ہوتے ہیں۔