کوئٹہ(خ ن)عوام کی جانب سے شکایات موصول ہونے اور ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی خصوصی ہدایت پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے طوغی روڈ کوئٹہ میں واقع معروف ایم ڈی ایس (MDS) سپر سٹور کی چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں زائد المعیاد خوردنی اشیاء برآمد کر لیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹرز آپریشنز نگہت دین اور سرفراز مغل کی سربراہی میں بی ایف اے حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں زائد المعیاد برآمد ہونے والی ایکسپائرڈ مصنوعات جن میں بسکٹ، پروٹین ڈائیٹ ، مصالحہ جات و دیگر اشیاء خصوصاً بچوں کے کھانے کی مختلف اشیاء شامل تھیں، قبضہ میں لے کر سپر سٹور پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مضر صحت اور ناقص اشیاء فروخت کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ، ہر قسم کی خوراک کے کاروبار کیلئے قانون، قاعدہ و قواعد اور اخلاقی اقدار مقرر ہیں جن کو مدنظر رکھ کر غذائی اشیاء فروخت کی جائیں بصورت دیگر بی ایف اے عوام کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گی۔