• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز مسترد کر دی


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کر دیا، الیکشن کمیشن اسے ناقابلِ عمل قرار دے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشاء اور اعتماد سے ہوتا ہے، یہ اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت، عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاقِ رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نون لیگ نے 2018ء میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی اصلاحات کی تھیں، ہمارے دور میں ہونے والی انتخابی اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ سب کے اتفاقِ رائے کا مظہر اور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاقِ معیشت کی بات کر رہی تھی تو این آر او کا شور کر کے ان کی توہین کی گئی۔


ان کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات ہم کر سکتے ہیں، سیاسی مخالفین کو ساتھ لے کر چلنے، ان کی تجاویز کو اپنانے کا حوصلہ ہم میں ہے۔

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے مزید کہا ہےکہ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں۔

صدر نون لیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ معیشت، مہنگائی اور بے روزگاری سے مرتے عوام کی فکر کریں۔

تازہ ترین