• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالعدم TLP کی نظر ثانی درخواست پر کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

وفاقی وزارتِ داخلہ نے کالعدم تحریکِ لبیک (ٹی ایل پی) کی نظرِ ثانی درخواست کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کر لیا۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے کمیٹی کے قیام کی سمری وزیرِ اعظم عمران خان کو ارسال کر دی گئی ہے۔

وزارتِ داخلہ کی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی، وزارتِ داخلہ نے سمری میں کمیٹی کے لیے 3 نام تجویز کر دیئے۔

کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری محمد ایوب چوہدری، جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان اور وزارتِ قانون کے جوائنٹ سیکریٹری خرم شہزاد مغل شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹی ایل پی کی اپیل پر نظرِ ثانی کا آغاز کرے گی۔


کمیٹی میں وزارتِ قانون و داخلہ کے افسران کے ہمراہ خفیہ اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کالعدم تحریکِ لبیک پر پابندی ہٹانے یا قائم رکھنے کا فیصلہ 90 روز میں ہو گا۔

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کمیٹی 30 روز میں فیصلہ کرے گی، کمیٹی کا فیصلہ کابینہ کو جائے گا جو 60 روز میں فیصلہ کرے گی۔

تازہ ترین