اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں،قرضوں کیخلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے، عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔ایک بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 25 سال اس لئے جدوجہد کی کہ ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کے حکومتی قرضے کے بوجھ تلے دباسکیں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کے خلاف جھوٹی مہم چلا کر پی ٹی آئی حکومت اب تک 33 ارب ڈالر سے زائد کا غیرملکی قرضہ لے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرضوں کے سود کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی کے بعد ترقیاتی بجٹ تو درکنار دفاعی بجٹ کے لئے بھی حکومت کے پاس پیسے نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو کفایت شعاری کا درس دینے والے عمران خان کی حکومت کے شاہانہ اخراجات 28 سالہ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوچکے ہیں۔