• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوئٹر کے بعد انسٹاگرام کی بھی کنگنا کیخلاف کارروائی

متنازع بیانات سے آئے روز خبروں کی زینت بننے والی بالی ووڈ ڈرامہ کوئین  کنگنا رناوت کے خلاف انسٹاگرام نے بھی کارروائی شروع کردی۔

حال ہی میں کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اطلاع دی تھی کہ اُن کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

کنگنا رناوت نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ عالمی وبا صرف ایک چھوٹا سا وائرس ہے لہٰذا اس کو اپنے اوپر حاوی ہونے نہ دیں۔

بالی ووڈ اداکارہ کی جانب سے اس طرح کے الفاظ کا استعمال کرنے پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ انسٹاگرام کے عہدیدران نے اُن کے خلاف سخت کارروائی کی۔

انسٹاگرام کے عہدیداران کی جانب سے کنگنا رناوت کی یہ پوسٹ اُن کے انسٹا اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب کنگنا رناوت نے انسٹاگرام کی کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹا اسٹوری میں خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ ’انسٹاگرام نے میری پوسٹ حذف کردی ہے کیونکہ میں نے کورونا وائرس کو چیلنچ کیا تھا اور اس سے شاید کچھ لوگوں کو تکلیف پہنچی ہے۔‘

بالی ووڈ اداکارہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’میں نے ٹوئٹر دہشت گردی اور مخلتف کمیونیٹیز کے بارے میں تو سُنا تھا لیکن انسٹاگرام پر کورونا وائرس کا فین کلب کے بارے میں سُننا بہت عجیب ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے انسٹاگرام پر آئے ہوئے ابھی صرف دو دن ہوئے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں ایک ہفتے تک یہاں رہ سکوں گی۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل 4 مئی کو کنگنا کا ٹوئٹراکاونٹ مستقل طورپر بند کردیا گیا تھاجب انہوں نے گشتہ ہفتے مغربی بنگال کے انتخابات میں نریندر مودی کو شکست دینے والی بھارتی سیاستدان ممتا بنرجی کے خلاف تشدد کا مطالبہ کیا تھا۔

تازہ ترین