ملتان(ایجنسیاں)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ اوراو آئی سی کو فوری اجلاس بلاناچاہئے، تمام مسلم ممالک فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا‘صرف جلوس نکالنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا‘ مسلم ممالک کو یکجا ہونا پڑے گا‘ شہبازشریف نے نواز شریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، شہباز شریف کی گارنٹی کہاں گئی؟۔ اگر شہباز شریف چلے گئے تو پھر ہم پر مک مکا کا الزام لگے گا۔ کیا منی لانڈرنگ ،کرپشن کیخلاف آواز اٹھانے کا ٹھیکہ صرف عمران خان کا ہے‘سب کو کرداراداکرنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کوملتان میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے سے مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا، کچھ عناصر سعودی عرب سے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں‘وزیراعظم کے حالیہ دورے سے خلیج پیدا کرنے والوں کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ سعودی عرب نے مزید 500 ملین ڈالر دینے کا فیصلہ کیا ہے‘سعودی عرب توانائی کے شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا،سعودی عرب وژن 2030 کے تحت درکار ورک فورس کا ایک بڑا حصہ پاکستان سے لے گا جس سے لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔یورپ میں 65لاکھ مسلمانوں کو متحرک کیا جائے تو ہمارے موقف کو مزید تقویت ملے گی ۔