• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلقند آئس کریم اور گلاب جامن سے بڑھائیں دسترخوان کی شان

میٹھا تو تہوار اور خوشیوں کی جان ہے، اس کے بغیر تو ہمارے ہر خوشی اور ہر تہوار ادھورا ہوتا ہے، اور دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہر عُمر کے افراد بڑے ہی شوق سے میٹھا کھاتے ہیں پھر چاہے وہ بچے ہوں یا بوڑھے، میٹھا تو ہر ایک کی پسند ہے۔

میٹھائیاں اور میٹھے پکوان ہمیں لذت کا احساس دلاتے ہیں اور ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیتے ہیں، یہ ناصرف شادی بیاہ کے موقع پر کھائے جاتے ہیں بلکہ عید کے خاص موقع پر بھی ہر دعوت کی جان میٹھا ہوتا ہے۔

آج ہم آپ کو دو خاص اور روایتی میٹھے پکوان کی تراکیب بتائیں گے جن سے آپ کے دسترخوان کی شان مزید بڑھ جائے گی۔

گلقند آئس کریم:

گلقند آئس کریم ایک لذت بخش میٹھا ہے جو باآسانی تیار بھی ہوجاتا ہے اور کھانے والے تعریف کرنے پر بھی مجبور ہوجاتے ہیں۔

درکار اجزاء:

  • ونیلا آئس کریم 55 ملی لیٹر
  • گلقند 15 گرام
  • روح افزا حسب ضرورت
  • بادام پستہ حسب ضرورت

ترکیب:

ایک گلاس میں سب سے پہلے تھوڑا سا روح افزا ڈالیں پھر اُس پر ایک اسکوپ ونیلا آئس کریم کا ڈالیں۔

اس کے بعد اُس پر گلقنڈ ڈالیں اور اوپر سے سجاوٹ کے لیے بادام پستہ شامل کرلیں، مزیدار گلقند آئس کریم تیار ہے۔

گلاب جامن

درکار اجزاء:

  • میدہ 50 گرام
  • بیکنگ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ
  • کھویا 500 گرام
  • چینی دو کپ
  • انڈا (آدھا)
  • الائچی دو عدد
  • کھانے کا تیل ڈیڑھ لیٹر
  • پانی دو کپ

ترکیب:

ایک پین میں پانی لیں اور اس میں چینی اور الائچی ڈال کر 10 سے 15 منٹ تک ہلکی آنچ پر پکا لیں۔ اس کے بعد ایک الگ برتن میں کھویا ڈال کر باریک کرلیں اور اس میں میدہ، بیکنگ پاؤڈر اور انڈا ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں اور گوندھ لیں اور پھر آٹے سے گول گول شکل کے گلاب جامن بنا لیں۔

اس کے بعد ایک پین میں تیل گرم کرلیں اور اس میں تیار شدہ گلاب جامن ڈال کر لائٹ براؤن ہونے تک فرائی کرلیں، اب گلاب جامن کو تیار شدہ شیرے میں ڈال کر دو سے تین گھنٹے رکھ دیں، مزیدار گلاب جامن تیار ہیں۔

تازہ ترین