امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی کسی چہرے سے نہیں اس نظام سے ہے۔
پشاور میں الخدمت فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ استحصالی نظام کی وجہ سے پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ کے اخراجات کے لئے آئی ایم ایف کے غلام بن گئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت دوسرے ممالک سے صدقات اور فطرات لینے پر مجبور ہوگئی ہے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، بدانتظامی اور کرپشن کے باعث ملک معاشی تباہی سے دوچار ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ہماری لڑائی کسی چہرے سے نہیں، نظام سے ہے، موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی سابقہ حکمرانوں سے مختلف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی تک ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عرب ممالک کے بجائے ملکی عوام کے جذبات کو دیکھنا چاہیے۔