وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے دوران گفتگو دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان عیدالفطر کے حوالے سے تہنیتی جملوں کا تبادلہ بھی کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ سے گفتگو میں کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات افغانستان میں40 سال سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کانادر موقع ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان جماعتوں کے درمیان عیدالفطرکے موقع پر 3 روزہ جنگ بندی معاہدہ قابلِ ستائش ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مستقل قیام امن کے لئے تمام افغان جماعتوں سے پرتشدد واقعات میں کمی کے متقاضی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی سے افغانستان میں جامع اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ فلسطینی مسلمانوں پرڈھائے جانے والے مظالم پرگہری تشویش اور دکھ کا اظہارکیا گیا۔