معروف پاکستانی گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے معروف مزاح نگار اور انکل سرگم کے کردار کے خالق فاروق قیصر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شہزاد رائے نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکل سرگم کے بارے میں کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ کو جو انہوں نے کچھ دنوں پہلے ہی کیا تھا ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’،میرے پاس بیان کرنے کے لیے الفاط نہیں ہیں۔‘
گلوکار نے لکھا کہ ’میں نے کچھ دنوں پہلے ہی انکل سرگم کےساتھ یہ یادگار ویڈیو شیئر کی تھی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’انکل سرگم! ہم آپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف مزاح نگار اور انکل سرگم جیسے پتلی تماشا کردار کے خالق فاروق قیصر انتقال کر گئے، وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ انہوں نے ایک بیٹا اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔
کلیاں، سرگم سرگم اور ڈاک ٹائم ان کے مشہور ٹی وی شوز تھے, تاہم پی ٹی وی کا مشہور پروگرام ’کلیاں‘ ان کی پہچان بنا، اس پروگرام میں انکل سرگم کے کردار سے فاروق قیصر نے شہرت حاصل کی۔