فلم و ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار یاسر حسین نے صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان پر تنقید کرنے والوں کو کھری کھری سُنادی۔
دو روز قبل ماہرہ خان نے کراچی پریس کلب پر فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں شرکت کی۔
ماہرہ خان قمیص شلوار میں ملبوس تھیں تاہم اُنہوں نے دوپٹہ نہیں لیا ہوا تھا، اداکارہ کی تصویریں اور ویڈیوز جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو جہاں کچھ صارفین نے فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں ماہرہ خان کی شرکت کو سراہا تو وہیں ناقدین نے اداکارہ پر تنقید کے خوب تیر بھی برسائے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ماہرہ خان کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے سوال اُٹھایا کہ اداکارہ مظاہرے میں شرکت کرنے آئی تھیں لیکن اُن کا دوپٹہ کہاں تھا؟ اُنہوں نے دوپٹہ کیوں نہیں پہنا؟
صارفین کی تنقید پر ماہرہ خان تو خاموش رہیں لیکن اداکار یاسر حسین اُن کا ساتھ دینے میدان میں آگئے۔
اس ضمن میں یاسر حسین نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی اسٹوری شیئر کی جس میں اُنہوں نے ناقدین کو کرارا جواب دیا۔
یاسر حسین نے کہا کہ ’اب کیا ماہرہ خان مئی کی اس شدید گرمی میں دوپٹہ بھی لے؟‘
اداکار نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بھئی! لباس کو ایک طرف رکھ کر جو اصل مسئلہ(فلسطین کا مسئلہ) ہے اُس پر بات کرو۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’خُدا کا خوف کرو۔‘
واضح رہے کہ یاسر حسین اپنے ہاتھ کی سرجری کی وجہ سے کراچی پریس کلب پر فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔