بھارت کے سپر اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھارتی اداکارہ اونیت کور کی بولڈ تصاویر لائیک کرنے کے معاملے پر وضاحت دے دی۔
مشہور و معروف ہونے کی وجہ سے بھارت سمیت دنیا بھر میں ویرات کوہلی کی کرکٹ گراؤنڈ کے باہر کی زندگی اور مصروفیات پر بھی گہری نظر رکھی جاتی ہے۔
حال ہی میں ویرات کوہلی کی 23 سالہ بھارتی اداکارہ اونیت کور کی تصویر کو پسند کرنے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک فین پیج پر اداکارہ اونیت کور کی بولڈ تصاویر کو لائیک کیا گیا تھا۔
اس کے بعد بھارت کے اسٹار بیٹر کو اس معاملے پر وضاحت دینا پڑگئی۔
بعدازاں ویرات کوہلی نے اس معاملے پر وضاحت دی کہ یہ انسٹاگرام کے الگورتھم کی غلطی تھی۔
ویرات کوہلی نے انسٹاگرام کے ذریعے ہی وضاحت دی کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی انسٹاگرام فیڈ کلئیر کر رہا تھا تو ممکن ہے کہ الگورتھم کی وجہ سے غلطی سے لائیک ہوگیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، میں گزارش کرتا ہوں کہ بلا وجہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
علاوہ ازیں اس معاملے کو لے کر بھارت میں ویرات کوہلی پر مزاحیہ میمز بھی بنائی گئی تھیں۔