مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہر نیا حکومتی ترجمان عہدہ ملنے پر جھوٹ میں آپے سے باہر ہوجاتا ہے۔
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان اور چھوٹے بڑے ترجمان معیشت کی بہتری پر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر نیا ترجمان عہدہ ملنے پر جھوٹ میں آپے سے باہر ہوجاتا ہے، ہر معاشی اشاریہ حکومتی جھوٹ کو دکھارہا ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے مزید کہا کہ جھوٹ بولنے سے 14 ہزار ارب روپے کا بڑھا ہوا قرضہ ختم نہیں ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ فرخ حبیب صاحب آٹا چینی چور معاشی بہتری نہیں لاسکتے، وزیر مملکت 2018 کے معاشی اشاریے قوم کو بتائیں۔
مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو معیشت برباد کرکے اب بہتری کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ ادھار اور مانگے تانگے کا قرض لےکر پچھلی حکومتیں ترقی دکھا رہی تھیں، کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت اوپر گئی ہے۔
فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ایکسپورٹس پچھلے 5 سال میں نیچے آرہی تھی، کسی بھی شعبے میں گروتھ نہیں تھی۔