• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیک پوسٹ پر پولیس اور نیوی اہلکاروں میں جھگڑا، ویڈیو وائرل


کراچی کے نئے ضلع کیماڑی کے ماری پور تھانہ کی حدود ہاکس چیک پوسٹ پر نیوی کے افسر سے تکرار کے بعد باوردی اہلکاروں کے حملے میں پولیس کے پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔

اتوار کو پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ماڑی پور پولیس کی ہاکس بے چیک پوسٹ سے سڑک کو ہاکس بے ساحل سمندر کی طرف جانے کیلئے بند کیا گیا تھا اور پولیس پہرا دے رہی تھی کہ پولیس اہلکاروں نے ایک پرائیویٹ گاڑی میں سوار نیول افسر کو جانے سے روکا۔

بات چیت کے دوران دونوں میں تکرار ہوگئی، انتہائی تلخ کلامی کے بعد مذکورہ افسر نے پولیس اہلکاروں کو مبینہ دھمکیاں دیں۔

پولیس کے مطابق اس کے تھوڑی دیر بعد باوردی ملازم بڑی تعداد میں وہاں پہنچ گئے جنہوں نے آتے ہی پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔

ویڈیو میں دونوں فورس کے باوردی ملازمین کو لڑتے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹج میں باوردی سرکاری ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو ڈنڈے مار رہے ہیں، پولیس اہلکاروں کو بھی جوابی کارروائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی قانونی کاروائی سامنے نہیں آئی ہے۔

تازہ ترین