• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حدیبیہ کیس پاناما سے بڑا ہے: فواد چوہدری


وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس بلحاظ حجم پانامہ پیپرز کیس سے بڑی کہانی ہے۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس تقریباً 1242 ملین روپے کے فراڈ کی کہانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس کی بتداء 2000ء میں ہوئی جب نیب نے حدیبیہ پیپرز کے خلاف ریفرنس دائر کیا، نیب نے نشاندہی کی کہ شریف خاندان نے ریاستی و حکومتی اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کیس احتساب عدالت میں آیا تو شریف فیملی ڈیل کر کے سعودی عرب چلی گئی، 09-2008ء میں معاملہ دوبارہ اٹھایا تو پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے مک مکا نے کیس پھر رکوا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ کہا گیا کہ کیس نہیں چل سکتا، چیئرمین نیب کے دستخط نہیں ہیں، کارروائی لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی تو 2 رکنی بنچ نے منقسم فیصلہ سنایا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ریفری جج نے مقدمہ بند کرنے کی رائے کی حمایت کی تو مقدمہ 2014ء میں بند کر دیا گیا، اتنی تفصیلی تفتیش کے بعد اس کیس کا ایک دن بھی عدالتی ٹرائل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کیس بند کرنے کا فیصلہ دینے والے جج صاحب کے بھی بیرونِ ملک اثاثوں کا انکشاف سامنے آیا، بد قسمتی سے ان جج صاحب کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔


فواد چوہدری نے کہا کہ اس مقدمے میں اب کچھ نئے حقائق بھی سامنے آئے ہیں، نئے حقائق پر نئی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ عدلیہ ان ججوں کے خلاف کارروائی کرے گی جنہوں نے شریف فیملی کی معاونت کی۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ انصاف کا تقاضہ ہے کہ تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کا مستقبل قانون کی حکمرانی سے وابستہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید