• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان نے ن لیگ میں چوہدری نثار کی واپسی کا راستہ بتادیا

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار ن لیگ میں آنا چاہتے ہیں تو پارٹی سے رابطہ کریں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چوہدری نثار 3 سال تک ن لیگ سے لاتعلق رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چوہدری نثار نے اگر شہباز شریف سے جماعت میں آنے کا کہا ہے تو یہ بات جماعت میں رکھنا ہوگی۔

ن لیگ کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ جوآدمی مشکل وقت میں چھوڑ جائے، جماعت میں اس سے متعلق رائے اچھی نہیں ہوتی۔

اُن کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم میں شامل ہونے کی چابی پیپلز پارٹی کے پاس ہے، وہ اعتماد بحال کرے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کی خواہش ہے کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اعتماد توڑا ہے، اعتماد بحال نہیں ہوگا تو پی ڈی ایم میں جگہ نہیں ہوگی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں تبدیلی لاسکتی ہے تو لائے، ہمیں غرض نہیں، زندگی کا اصول ہے جو اعتماد توڑتا ہے اسے معافی مانگنا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومتوں کے چکر میں نہیں پڑنا چاہتے، ملک کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے، الیکشن چوری نہیں ہونا چاہیے۔

سینئر ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہمیں آگے کی طرف چلنا ہے، ملک آئین کے مطابق چلے اور الیکشن چوری نہ ہوں۔

تازہ ترین