وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، شہر میں امن و امان یقینی بنائیں گے، سندھ رینجرز کا کراچی میں امن و امان کے لیے کردار بہت قابل تعریف ہے۔
شیخ رشید کی کراچی میں سندھ رینجرز کے ہیڈ کوارٹر پہنچے، جہاں وزیر داخلہ کو رینجرز ہیڈکوارٹر میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر بریفننگ دی گئی۔
اجلاس میں سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانےکے لیے تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیرداخلہ نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسن کی طرف سے کراچی میں امن و امان سے متعلق اقدامات کی تعریف کی۔
شیخ رشید نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے، وفاق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔
بریفنگ میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔