جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر نئی درخواستوں پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگاکر درخواستیں واپس کردیں، رجسٹرار آفس نے اعتراض کیا کہ ایک کیس میں دو مرتبہ نظرثانی نہیں ہوسکتی۔
رجسٹرار آفس کے اعتراض میں کہا گیا ہے کہ درخواست کا عنوان ازخود نوٹس کیس لکھا گیا، درخواست میں ’کیوریٹو ری ریویو لکھا گیا‘، درخواست کا جائزہ لینے پر نظرثانی فیصلے پر نظرثانی درخواست لگتی ہے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ رولز میں حتمی فیصلے کے بعد نظر ثانی کی گنجائش نہیں، صدر، وزیراعظم کی جانب سے پاور آف اٹارنی داخل نہیں کیے گئے۔
اعتراض میں کہا گیا ہے کہ درخواست کا موضوع قانونی طور پر غلط فہمی پر مبنی ہے جس کی سپریم کورٹ رولز میں گنجائش نہیں۔
رجسٹرارآفس کے اعتراض میں کہا گیا کہ درخواست میں گستاخانہ زبان استعمال کی گئی ہے، درخواست کے صفحہ46 ،48 ،64 اور 73 میں گستاخانہ زبان استعمال کی گئی ہے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ حمتی فیصلے پر دوبارہ نظرثانی درخواست دینے کی مہلت کی درخواست بھی مسترد کی جاتی ہے۔