• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد طور کے حملہ آور جلد پکڑلیں گے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں بھی عمران خان ہی کامیابی حاصل کریں گے۔

برطانوی میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے دعویٰ سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان میں مقبول ترین رہنما ہیں، وہ اگلا الیکشن بھی جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن اسٹیٹ کی حیثیت سے لڑ رہا ہے، نفرت انگیز تقاریر عالم گیر سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہیں، جن پر قابو پایا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو بھی دہشت گردی کے حملے میں جاں بحق ہوئیں، 70 ہزار شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کی قربانی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال صرف صحافیوں کےلیےنہیں شہریوں کے لیے بھی خطرناک رہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 19 پاکستان میں آزادی صحافت کو تحفظ فراہم کرتا ہے، نہیں مانتا کہ حکومت آزاد صحافت اور صحافیوں کو تحفظ فراہم نہیں کرپا رہی، پاکستان میڈیا کے لحاظ سے آزاد ترین ممالک میں سے ایک ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسد طور پر حملے سے متعلق پولیس کو خود مکمل انکوائری کا کہا، ہم واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے ہم جلد حملہ کرنے والوں کو پکڑلیں گے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کئی صحافی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مارے گئے، بے نظیر بھٹو کا قتل ہوا، عمران خان کے دور میں صحافیوں پر حملے کم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجو د ملک میں شرح نمو 3 اعشاریہ 94 فیصد ہے، کورونا سے متعلق پاکستان کا ردعمل دنیا میں سب سے بہتر رہا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تقریباً 1100 ارب روپے اربن اکانومی سے رورل اکانومی میں منتقل ہوئے، اس سال پاکستان میں 4 بمپر فصلیں ہوئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کسانوں کی جانب سے بڑی تعداد میں ٹریکٹرز خریدے گئے، جنرل اسمبلی کے صدر نے وبا سے متعلق پاکستان کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں 5.5 ملین افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے، ویکسین لگوانے سے متعلق پاکستان دنیا کے صف اول کے 34 ممالک میں شامل ہے۔

تازہ ترین