• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہر میں 3 نوجوانوں کی ہلاکت والدہ نے قتل قرار دیدی

کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ کے رہائشی 3 نوجوانوں کے ٹنڈو محمد خان کی نہر میں مبینہ طور پر نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے معاملے نے نیا رخ لے لیا ہے۔

جاں بحق ازلان کی والدہ نے واقعے کو قتل قرار دے دیا اور مطالبہ کیا ہے کہ بچ جانے والے نوجوانوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جائے۔

ڈوب کر جاں بحق ہونے والے ازلان کی والدہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیٹا پانی سے ڈرتا تھا پھر وہ کیسے اتنے گہرے پانی میں چلا گیا؟ بچ جانے والا امیر حمزہ بوکھلایا ہوا ہے اس نے گھر آ کر کہا کہ ہماری قسمت تھی اس لیے بچ گئے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں واقعہ پیش آیا وہ علاقہ بچ جانے والے عبدالمنان کا آبائی علاقہ ہے پھر کس طرح اس نے تینوں کو اتنے گہرے پانی میں جانے دیا، ایسا کیا ہوا تھا کہ میرے بیٹے کے سر پر چوٹیں تھیں اور تدفین تک اس کا خون رک ہی نہیں رہا تھا۔

واضح رہے کہ ابو الحسن اصفہانی روڈ کے رہائشی 6 نوجوان 23 مئی کو مویشیوں کی خریداری کے لیے ٹنڈو محمد خان گئے تھے جن میں سے 3 نوجوان اویس، عبدالرحمٰن اور ازلان مبینہ طور پہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے تھے جبکہ امیر حمزہ اور عبدالمنان کو بچا لیا گیا تھا۔

خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ بچ جانے والے امیر حمزہ اور عبدالمنان کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جائے۔

تازہ ترین