• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کا ضلع جہاں کوئی کورونا ٹیسٹ نہیں کرانا چاہتا

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّٰہ میں سو ا سال کے دوران کورونا وائرس کے صرف 4 ہزار 780 ٹیسٹ ہو سکے ہیں، آبادی کے لحاظ سے ضلع میں کورونا ٹیسٹنگ کی شرح صرف 1.2 فیصد ہے، ضلع بھر میں پچھلے 1 ہفتے کے دوران کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہو سکا ہے۔

محکمہ صحت کےضلعی افسران کا کہنا ہے کہ ضلع میں لوگ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار ہی نہیں ہیں۔

محکمہ صحت کے حکام کے مطابق قلعہ سیف اللّٰہ کی آبادی 3 لاکھ 78 ہزار 654 نفوس پر مشتمل ہے، اس ضلع میں 1 ڈی ایچ کیو، 9 آر ایچ سی، 16 بی ایچ یو، 13 سول ڈسپنسریز ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پچھلے سوا سال کے دوران ضلع میں کورونا کے صرف 4 ہزار 780 ٹیسٹ ہو سکے ہیں، جو ضلع کی آبادی کے لحاظ سے 1.2 فیصد ہے۔

قلعہ سیف اللّٰہ میں اب تک کیئے گئے 4 ہزار 780 کورونا ٹیسٹ میں سے 326 مثبت آئے ہیں، جبکہ کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 6.8 فیصد ہے۔

ضلع بھر میں پچھلے 1 ہفتے کے دوران کورونا کا کوئی ٹیسٹ نہیں ہو سکا ہے۔

ضلعی ناظم صحت قلعہ سیف اللّٰہ ڈاکٹر ناصر کا کہنا ہے کہ قلعہ سیف اللّٰہ میں کورونا ٹیسٹنگ کی لیب نہیں ہے جس کی وجہ سے ہمیں کورونا کے ٹیسٹ کوئٹہ بھجوانے پڑتے ہیں جن کا رزلٹ 4 سے 5 دن مین موصول ہوتا ہے، جبکہ ضلع کے لوگ کورونا ٹیسٹ کرانے پر تیار ہی نہیں ہیں۔

تازہ ترین