وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے نذیر چوہان کو مشورہ دیا ہے کہ ہر چیز پر اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنا عقلمندی نہیں ہوتی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میںوزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ نذیر چوہان کو شہزاد اکبر کے بارے میں جھوٹی اور غلط بات نہیں کرنی چاہیے۔
شہباز گل کاکہنا تھا کہ اب اگرغلطی ہوگئی ہےتو اس پر اَڑے رہنے سے بہتر ہے کہ معافی مانگ لیں۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے رکنِ پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے آج لاہورکے تھانے ریس کورس میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا ہے۔
نذیر چوہان کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے کہنے پر میرے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پنجاب پولیس کے اس اقدام کے خلاف جنگ لڑوں گا، پولیس مجھے گرفتار کرلے۔