مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی معاشی بہتری صرف سوشل میڈیا پر آ رہی ہے، اشتہاروں سے معیشت کی تباہی، بےروزگاری میں بہتری نہیں آسکتی۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اعداد وشمار الفاظ کا گورکھ دھندا ہیں جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے معیشت تباہ کی اور اب معیشت بہتر دکھانے کے لیے اشتہاری مہم چلا رہے ہیں، عمران صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹا۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام کو آٹے دال کا بھاؤ عمران صاحب سے بہتر معلوم ہیں، آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، انڈے اور گوشت کی قیمتیں عوام کو پتہ ہیں۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عمران صاحب آپ کا کچن اے ٹی ایمز چلاتے ہیں، منہگائی26 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے مجرم عمران صاحب ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ دیہات میں منہگائی 20 اور شہری علاقوں میں17 فیصد سے بڑھ گئی، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بدترین اضافہ قیامت لارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جعلی اعداد و شمار منہگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں، جھوٹی معاشی بہتری دکھانے کے لیے اربوں روپے سے مہم چلائی جارہی ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ معیشت اور عوام کی بہتری پر یہ اربوں روپے خرچ ہوتے تو جھوٹ نہ بولنے پڑتے۔