پاکستان کی مقبول ترین میزبان اور اداکارہ ندا یاسر نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنی ساس کے انتقال کے بعد ناقدین سے تنگ آکر مارننگ شو چھوڑنے کے بارے میں سوچا تھا۔
ندا یاسر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’اُن کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ جب اُنہوں نے مارننگ شو چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جب میری ساس کا انتقال ہوا تو میں نے اپنے کام کی چھٹی کی جس پر میرے مارننگ شو کے پروڈیوسر نے میرا پُرانا شو نشر کیا۔‘
ندا یاسر نے بتایا کہ ’اُس شو میں ہم تمام لوگ اپنی وہ شاپنگ ہمارے شو کے سامعین اور ناظرین کو دِکھا رہے تھے۔‘
میزبان نے کہا کہ ’اُس کے بعد کسی شخص نے میرے شوہر یاسر کو اُس پروگرام پر ٹیگ کیا اور کہا کہ آپ کی والدہ کا انتقال ہوا ہے اور آپ کی اہلیہ مارننگ شو میں اپنی شاپنگ دِکھا رہی ہیں۔‘
ندا یاسر نے کہا کہ ’میں نے یاسر سے کہا کہ یہ ایک سال پُرانا شو ہے، لوگوں کو دیکھو کس طرح جاسوسی میں لگے رہتے ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اُس شو کی وجہ سے مجھے لوگوں نے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جس پر میں نے مارننگ شو چھوڑنے کا سوچا تھا۔‘
میزبان نے مزید کہا کہ ’عام زندگی میں آپ کی غلطیوں کو معاف کردیا جاتا ہے لیکن شوبز انڈسٹری میں اگر کوئی غلطی ہوجائے تو ہمارے سامعین ہمیں جلدی معاف نہیں کرتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ ندا یاسر گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان کے ایک نجی ٹی وی چینل پر مارننگ شو کی میزبانی کررہی ہیں۔