اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیوں اور نااہلی کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے، مئی میں مہنگائی 17 فیصد اور اپریل میں 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی، یہ عوامی حقیقت ہے ،اتنی زبردست مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے ،بھوک اور افلاس نے غریبوں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،آٹا، دالیں، سبزی، گوشت، خوردنی تیل، بجلی گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ بلند ترین سطح پر ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اس مہنگائی سے عام لوگ، مڈل کلاس پس کر رہ گئی ہے ،دودھ، چینی اور آٹا ہر مزدور کی روز کی ضرورت ہے جن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ،آمدن میں کمی نے عوام کی دو وقت کی روٹی ناممکن بنا دی، ان کا جینا دوبھر ہوچکا ہے ،ایک سال میں غریب عوام کے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے ،تمام صارفین کے بجلی کے بلوں میں ایک سال میں 21 فیصد اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ 2013 سے 2018 میں غربت میں کمی کی مسلم لیگ (ن) کی پانچ سال کی محنت 3 سال میں ضائع کردی گئی ،مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور میں 2 کروڑ لوگوں کو انتہائی غربت سے نکالا تھا ، مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے پانچ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے ،عوام کی بدترین غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا کلنک عمران خان نیازی کے ماتھے پر لگ چکا ہے۔