اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے جعلی انوائیسز پر ریفنڈ لینے کے نیب ملزم انیس زکریا کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع اور ملزم کو مزید ڈھائی کروڑ جمع کروانے کیلئے 7جولائی تک کی مہلت دیدی۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے دوران سماعت کہا کہ نیب کاروباری لوگوں سے دوسروں جیسا سلوک نہ کرے، نیب بغیر شہادتوں اور فیصلوں کے سزائیں چاہتا ہے، کسی کو یوں سزا دینا ٹھیک نہیں،نیب کو حساسیت کا اندازہ ہونا چاہیے۔جمعرات کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ وکیل ملزم شہاب سر کی نے کہاکہ ڈھائی کروڑ روپے کے پے آرڈر بنوا دیئے گئے ہیں، ملزم کی جانب سے پلی بارگین کی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ عدالت تیز تر فراہمی انصاف کیلئے بیٹھی ہے، ملزم کی پلی بارگین درخواست پر کیا ہوا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر نیب نے کہاکہ پلی بارگین کی درخواست قانون کے مطابق نہیں۔ وکیل نیب نے کہاکہ ملزم 25 ملین دے کر بارگین کرنا چاہتا ہے اصل رقم کئی گنا زیادہ ہے۔