اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت میں چوری کی مختلف وارداتوں میں شہری دو کاروں، ایک موٹر سائیکل، زیورات، موبائل فونز، نقدی و دیگر سامان سے محروم ہو گئے۔ عبد الحمید نے ترنول پولیس کو بتایا کہ دو مسلح افراد نے دکان میں داخل ہو کر تین موبائل فونز ، نقدی کل مالیتی ایک لاکھ 20ہزار روپے چوری کر لئے۔ آصف جمال نے رمنا پولیس کو بتایا کہ میں نے اعجاز کو پک اپ کے یو 2636 مالیتی 80لاکھ روپے ٹھیک کروانے کیلئے دی تھی جو چوری ہو گئی، مجھے شک ہے کہ اعجاز نے چوری کی ہے، امیر بادشاہ نے کراچی کمپنی پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری کار اے ایچ جے 637 مالیتی 25لاکھ روپے چوری کر لی، محمد سفیر نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میرا موٹر سائیکل مالیتی ایک لاکھ 20ہزار روپے گھر کے باہر سے چوری کر لیا، سجاد الرحمٰن نے بہارہ کہو پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری دکان سے سینٹری کا سامان کل مالیتی پانچ لاکھ روپے چوری کر لیا، محمد علی نے ترنول پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میرے گھر سے نقدی، بانڈ اور زیورات کل مالیتی 40لاکھ روپے چوری کر لئے، اعجاز محمود نے کراچی کمپنی پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میری گاڑی کے چاروں ٹائر اتار کر چوری کر لئے، احسان اللہ نے مارگلہ پولیس کو بتایا کہ محمد بشیر نے میرے بیگ جس میں نقدی کارڈ وغیرہ مالیتی تیس ہزار روپے تھے چوری کر لیا، قمر نذیر نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے میرے گھر سے نقدی، موبائل فون کل مالیتی 70ہزار روپے چوری کر لئے۔