• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL کا آج سے اسلام آباد اور لاہور کے میچ سے ابوظبی میں آغاز

پاکستان سپر لیگ کے بقیہ 20 میچز کے لیے ٹورنامنٹ آج سے ایک مرتبہ پھر شروع ہوگا۔ لیگ کے 15ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔یہ میچ ابوظبی میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کے دوبارہ آغاز کو لے کر پاکستانی سمیت غیرملکی تمام کھلاڑی بھی بہت پرجوش ہیں۔آج کے میچ کے حوالے سے لاہور قلندرز کے فاسٹ بالر حارث رؤف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیز سے تیز گیند کر کے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کی کوشش کروں گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ جیت کر لیگ کا فاتحانہ آغاز اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے التوا سے مومینٹم پر خاص فرق نہیں پڑے گا۔بین ڈنک کو زیادہ چوٹ نہیں لگی تھی وہ فٹ ہیں، ابوظبی میں میری اور لاہور قلندرز کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ 6 کے ملتوی ہونے سے پہلے کراچی میں 14 میچز کھیلے گئے تھے۔جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز نے چار چار جبکہ کراچی کنگز،پشاور زلمی،ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ پانچ میچ کھیل لئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ 6 کے پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز پہلے، پشاور زلمی دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے، لاہور قلندرز چوتھے، ملتان سلطانز پانچویں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھٹے نمبر پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا 14واں میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کراچی میں 3 مارچ کو کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد کچھ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد لیگ کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین